لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم عوام دوست منصوبہ ہے، پی ٹی آئی عوامی منصوبے کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے شروع کردہ آٹا سکیم بارے پی ٹی آئی کے جھوٹے پراپیگنڈے کو سختی سے رد کرتا ہوں، پنجاب حکومت کے ہر عوام دوست منصوبے کی مخالفت سراسر عوام دشمنی ہے۔
عامر میر نے کہا کہ چند رہنماؤں نے شرم و حیا سے عاری ہو کر حد درجے سفید جھوٹ بولے ہیں تا کہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے، آٹے کی تقسیم کے دوران درجنوں افراد کی اموات کا دعویٰ شر انگیزی کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے رش کے باعث 3 قیمتی لوگوں کی جانیں گئیں جن کی انکوائری جاری ہے، مفت آٹے کی نعمت سے اب تک ڈھائی کروڑ سے زیادہ غریب لوگ مستفید ہوچکے ہیں، آٹے کے معیار بارے پورے پنجاب سے صرف دو شکایات موصول ہوئی ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ آٹا وصولی کے دوران عوام پر آنسو گیس کے شیل پھینکنے کا الزام ایک لطیفہ ہے، پی ٹی آئی عوامی خدمت کے منصوبوں کو اپنی سیاست کی نذر نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے تو بہتر ہے، جھوٹ کی دکان سجانے والے یاد رکھیں کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، عوام کو گمراہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔