لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کیخلاف غیر منصفانہ فیصلے اور گواہیاں عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان اور سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سہولت کار اور ان کے آلہ کار عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق سامنے لائیں، اجلاس میں پارٹی موقف اور اس کے بیان کا جائزہ، پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق عوام تک پہنچانے پر غور بھی کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے، گزشتہ 4 سال میں ملک کیسے تباہ ہوا عوام کو بتایا جائے، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، ٹیرین، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں، نواز شریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا، اگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں تھے۔
مریم نواز نے کہا گزشتہ 4 سال میں معیشت تباہ، عوام غریب ہوئے، ایک کروڑ نوکری میں سے ایک نوکری اور 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں دیا، 10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں،انہوں نے 10 نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں، یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دوہرایا جا رہا ہے، 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔