لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں متعدد سیاسی ورکرز کو گرفتار کر لیا۔
ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے 10 سے زائد کارکنان کو گرفتار کر لیا، ملتان میں گرفتار کارکنان کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا۔
وہاڑی میں پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے، پولیس نے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ناظم و سابق چیئرمین ضلع عشر و زکوٰۃ کاشف خان خاکوانی بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں۔
بورے والا میں بھی پی ٹی آئی کارکنان اور سینئر رہنماؤں کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے، ان چھاپوں میں سینئر رہنما کشف العارفین غوری کو گرفتار کر لیا جبکہ بیشتر رہنما اور کارکنان روپوش ہوگئے۔
بھکر میں بھی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مار کر متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، منکیرہ کلورکوٹ اور دریا خان میں بھی پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ادھر میاں چنوں میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں، تھانہ چھب کلاں پولیس، تھانہ صدر پولیس، تھانہ تلمبہ پولیس اور تھانہ سٹی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کئی کارکنان گرفتار کر لیے۔