لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب عدالت پیش ہوئے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ایڈشنل سیکرٹری ہوم کو ریلی اور جلوسوں سے متعلق اپنائی جانے والی حکمت عملی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بتائیں کہ دفعہ 144 کس موقع پر اور کیوں لگاتے ہیں، عدالت شہریوں اور سیاسی جماعتوں کے بنیادی حقوق کی ضامن ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سیاسی جماعت کا اعتراض ہے کہ جب بھی ریلی نکالنی ہوتی ہے یہ اس صبح دفعہ 144 نافذ کر دیتے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ اظہر صاحب بتائیں درخواست گزار کیوں پیش نہیں ہوئے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ حماد اظہر کاغذات نامزدگی جمع کروانے گئے ہیں، آج کاغذات جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم اس کیس کا فیصلہ کرنا چاہتے ہیں سینئر قیادت کا ہونا ضروری ہے، کل صبح 10 بجے کیلئے سماعت رکھ لیتے ہیں، پنجاب حکومت نے جواب جمع کروا دیا، عدالت نے حماد اظہر کی درخواست پر سماعت کی انہوں نے دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کررکھا ہے۔