اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی 11 انتخابی عذرداریوں کو غیر موثر ہونے کی بناء پر خارج کر دیا۔
سپریم کورٹ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 60 سے زائد انتخابی عذرداریوں کے کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ عدالت مقدمات کے میرٹ پر فیصلہ کرے، ٹریبونلز کے فیصلوں میں تضاد ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تصدیق سے متعلق قانون کی وضاحت ہم قومی اسمبلی کے کسی مقدمے میں کر دیں گے، کوشش ہے کہ الیکشن سے متعلق مقدمات کا جلد فیصلہ کریں، آئندہ الیکشن بہر حال قریب ہونے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں ختم ہو چکی ہیں، سپریم کورٹ میں مقدمات صرف دستاویزات کی تصدیق کی حد تک ہی دائر کئے گئے تھے، ان کے میرٹس پر ٹریبونل نے کوئی فیصلہ نہیں دیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں مزید کہا کہ اگر عدالت تصدیق کے حوالے سے درخواستیں منظور کر لے تو بھی اسمبلیاں ختم ہو چکی ہیں، سپریم کورٹ نے دیگر انتخابی عذرداریوں کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔