اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کی جانب سے برف سے ڈھکے برزل پاس کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، پاک فوج کے جوانوں نے اس پاس کو کھولنے کے لیے دن رات انتھک محنت کی۔
قدرتی آفات ہوں یا ناگہانی حادثات، جب بھی قوم کو ضرورت پڑی مسلح افواج میدان عمل میں سب سے پہلے موجود ہوتی ہیں، پاک فوج کی جانب سے برف سے ڈھکے برزل پاس کو کھولنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
برزل پاس گلگت سے 178 کلومیٹر دور واقع ہے، یہ پاک آرمی اور عوام دونوں کے لیے اہم چوک پوائنٹ ہے، اس جگہ کی اونچائی سطح سمندر سے 13808 فٹ ہے جو اکتوبر سے اپریل تک برف سے ڈھکا رہتا ہے۔
اس علاقے کے تقریباً 61 گاؤں اور 15 ہزار افراد پر مشتمل آبادی کے لیے صرف یہی راستہ میسر ہے، برزل پاس سے ہر سال 50 سے 60 ہزار گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے اور اس سال یہ پاس جنوری اور فروری کے لیے بند ہوا تھا۔
پاک فوج کی جانب سے برف سے ڈھکے برزل پاس کو اب عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، پاک فوج کے جوانوں نے اس پاس کو کھولنے کیلئے دن رات انتھک محنت کی، پاک فوج کے جوانوں نے منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے سرد موسم میں بھی اپنا کام بخوبی سرانجام دیا۔
اس احسن اقدام کے باعث علاقہ مکینوں نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، پاکستان آرمی کی یہ کاوش سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔