ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے: وزیراعظم

Published On 26 February,2023 11:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد سزا سے بچ نہیں سکتے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔

وزیراعظم نے بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس جبکہ اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد سزا سے بچ نہیں سکیں گے، ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ اور آئی جی پولیس بلوچستان سے رپورٹ بھی طلب کر لی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے میں جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

صدر مملکت
ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

صدر مملکت نے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔