سیاسی جماعتیں ملک کیلئے وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں: چودھری شجاعت حسین

Published On 18 February,2023 08:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین موجود تھے، اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، چودھری شجاعت حسین نے قومی سیاست میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نمٹ سکتی، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے گورنر سندھ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مملکت خداداد کو بحرانوں سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملک کے معاشی چیلنجز اتحاد و اتفاق کا تقاضہ کرتے ہیں، یہ سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں کا وقت ہے، پاکستان کا استحکام، اس وقت سب سے اہم چیز ہے۔