چین سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے، وانگ ای

Published On 18 February,2023 05:53 pm

میو نخ: (ویب ڈیسک) چین کی سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور سینٹرل فارن افیئرز کمیشن کے ڈائریکٹر وانگ ای نے کہا ہے کہ چین سلامتی کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔

وانگ ای نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، چینی میڈ یا کے مطا بق اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے سٹریٹجک پارٹنر ہیں اور فریقین کے درمیان دوستی چٹان کی مانند مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ سٹریٹجک اتفاق رائے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور نئے دور میں بہترین معاشرے کی تعمیر کا خواہاں ہے۔

وانگ ای نے کہا کہ چین سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور ترقی و احیا کے حصول میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق پاکستان کو درپیش عارضی مشکلات پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہے، ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پاک چین تعلقات کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کی کویتی ہم منصب سلیم عبداللہ الجابر الثانی سے ملاقات

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کا دوست ہے اور چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی اور سی پیک کی تعمیر کو فروغ دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور پاکستان میں چینی اداروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، فریقین نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔