قومی اور صوبائی الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں، رانا ثناء اللہ

Published On 15 February,2023 09:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہماری رائے ہے قومی اور صوبائی الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔

اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر عمران خان ہارا تو ہم پر الزام لگائے گا کہ نگران سیٹ اپ نہیں تھا اس لیے ہارا، الیکشن کمیشن کو بہتر فیصلہ کرنا چاہیے، الیکشن استحکام کا باعث بننا چاہیے نہ کہ نئے دھرنے اور افراتفری کا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو ٹیریان کیس میں نااہل ہونا ہے تو اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے، عمران خان نے اپنی اولاد کو کیوں چھپایا؟، مسلم لیگ ن نے ان کو کہا تھا کہ توشہ خانہ کی گھڑیاں چوری کریں؟۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے تعلقات دوست ملک سے خراب کیے، یہ سب ان کا اپنا کیا دھرا ہے، وہ کرپشن کے خلاف مہم چلا رہے تھے، خود ساتھ ساتھ گھٹیا ترین کرپشن کر رہے تھے، اگر وہ میرٹ پر قانون کے مطابق نااہل ہوتے ہیں تو ان کو بالکل ہونا چاہیے۔