لاہور : ( دنیا نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے زمان پارک کے باہر جمع ہو گئی۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کارکنان کو زمان پارک کے باہر اکٹھے ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اطلاعات ہیں کہ کٹھ پتلی حکومت آج رات چئیرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی
— PTI (@PTIofficial) January 24, 2023
تحریک انصاف کے کارکنان اپنے لیڈر کی حفاظت کے لیے زمان پارک پہنچ رہے ہیں
زمان پارک کے باہر جمع ہونے والے کارکنان نے سابق وزیر اعظم کے حق میں اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کیلئے ماحول بنایا جا رہا تھا، حکومت ہوش کے ناخن لے اور گرفتاری کا فیصلہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے، عمران خان کی حفاظت کیلئے کارکن تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ عمران خان زمان پارک میں محفوظ رہیں گے، کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر سکے۔