نوجوانوں کو 75 لاکھ روپے تک قرض، ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیں گے، شہباز شریف

Published On 24 January,2023 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں، اگر وسائل فراہم کیے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہم نوجوانوں کو 5 سے 75 لاکھ روپے تک کے قرضے دیں گے، اس کے علاوہ نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ پروگرام لا رہے ہیں۔

’’پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو فراہم کیا جانے والا 5 لاکھ تک کا قرض بلاسود ہو گا، 5 سے 15 لاکھ تک 7 فیصد کی شرح کے حساب سے قرضے دیئے جائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہمارے دور میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے، لیپ ٹاپ دیئےتو کہا گیا یہ سیاسی رشوت ہے، لیپ ٹاپ نہیں تو کیا ہاتھوں میں کلاشنکوف دیتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اپنے وسائل سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے تھے، نوجوانوں سے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد تھی، کرونا کے دوران نوجوانوں نے لیپ ٹاپ کے ذریعے باعزت روزگار کمایا، نوجوانوں کو وسائل کی فراہمی کےعمل کو کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی، سب جانتے ہیں کہ انتہائی مشکل حالات میں ہم نے یہ ذمہ داری سنبھالی، تیل کی امپورٹ پر 27 ارب ڈالر خرچ ہو گئے، کچھ اقدامات کر کے ہم چند ارب ڈالر بچا سکتے تھے، ہماری حکومت نے توانائی بچت پروگرام کا فیصلہ کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا تو حکم امتناع لے لیا گیا، توانائی بچت پروگرام کیخلاف ایک صوبے کی حکومت ہائیکورٹ چلی گئی اوراسٹے آرڈر لے لیا، ہائیکورٹ کا ایک حکم جاری ہوا جو سر آنکھوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو سیاست کی قربانی دینا پڑے گی، پاکستان کو بچانے کیلئے اپنی سیاسی کمائی قربان کر دوں گا، آج ہم بڑی مشکلات میں ہیں، پاکستان کیلئے جان دے دوں گا، ہر قدم اٹھاؤں گا، ملک کو اس صورتحال سے نکالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران نے ملک خطرناک صورتحال پر پہنچایا، ہم نے سنبھالا، شہباز شریف

وزیر اعظم کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ نوجوان ہمارے سروں کے تاج اور پاکستان کے ستارے ہیں، لون پروگرام ہزار گنا زیادہ ہو سکتا تھا لیکن جتنی چادر ہے اتنے پاؤں پھیلائیں گے، نوجوانوں کیلئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ پروگرام لا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اب بھی کہتا ہے شرح سود کو بڑھانا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ سیاست، ریاست کو ایک ساتھ بچالیں، پاکستان کو بچانے کی جو ذمہ داری لی ہے وہ آخری دم تک نبھاؤں گا، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئےایک اور صوبے نے تاخیری حربے اپنائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے زہریلے طنز نے سیاست کو بدنام کیا ہے: شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سب سے بڑی ذمہ داری حکومت وقت کی ہوتی ہے، بہت جلد ہم پاکستان کو طوفانی لہروں سے نکال لیں گے، ہم ایک ایک پائی بچا کر آپ کے قدموں میں نچھاور کریں گے، ہم اپنےاقدامات پر 50 فیصد بھی عمل کر لیں تو قوم کی حالت بدل جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خاطر امیر طبقے اور اشرافیہ کو قربانیاں دینا ہوں گی، ماضی سے سبق سیکھیں اور آگے بڑھیں، ماضی میں رہیں گے تو مزید نقصان ہو گا۔