پنجاب میں بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے ، نئے افسران تعینات

Published On 24 January,2023 04:33 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) پنجاب میں بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر وتبا دلے ، سابق حکومت کے تعینات کردہ چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی ) پنجاب، سی سی پی او لاہور کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے بعد نئے افسران تعینات کردیئے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل کو عہدے سے ہٹا کر وفاقی اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم جبکہ زاہد اختر زمان کو نیا چیف سیکرٹری لگا دیا گیا، اس سے قبل زاہد اختر زمان سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب تعینات تھے۔

آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار کو بھی عہدے سے ہٹا دیا  گیا جبکہ انکی جگہ ڈاکٹر عثمان انور کو آئی جی پنجاب تعینات کردیا گیا ہے، ڈاکٹر عثمان اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی موٹروے تعینات تھے۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو بھی عہدے سے ہٹا کر خدمات واپس پنجاب اسمبلی کے سپرد کردی گئیں۔