پنجاب کا تخت کون سنبھالے گا؟، الیکشن کمیشن کچھ دیر میں فیصلہ کرے گا

Published On 22 January,2023 09:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون ہو گا؟ الیکشن کمیشن کچھ دیر میں نامزدگی کا فیصلہ کرے گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دو طرفہ پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہی جس کے بعد الیکشن کمیشن کچھ دیر میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کا معاملہ، چیف الیکشن کمشنر سے سیکرٹری کی ملاقات

ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن ارکان کے درمیان غیر رسمی بات چیت سے قبل اس معاملے کے بارے میں فیصلے پر اتفاق رائے کی راہ ہموار کی جائے گی۔

نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس صرف آج کا دن ہے کیونکہ آئین کے آرٹیکل اے-224 کے تحت الیکشن کمیشن کو دیا گیا 2 روز کا وقت آج ختم ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر، پنجاب میں 2018ء جیسی صورتحال پیدا ہو گئی

یاد رہے کہ چودھری پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے ہیں جبکہ حمزہ شہباز نے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی توثیق کی ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا معاملہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نامزد امیدواروں پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مسلسل تناؤ اور عدم اتفاق کے سبب غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگیا۔