چین میں پایا جانیوالا کورونا کا نیا ویرینٹ پاکستان پہنچ گیا، ماہرین صحت کی تصدیق

Published On 03 January,2023 12:40 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین میں پائے جانے والے کورونا کے نئے ایکس بی بی ویرینٹ کی پاکستان میں تصدیق ہوگئی۔

قومی ادارہ برائے صحت اور آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ جینوم سیکونسنگ سے ایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی گئی ہے، ابھی تک پاکستان میں بی ایف 7 ویرینٹ کی تصدیق نہیں ہوئی جو تیزی سے پھیلتا ہے۔

سابق وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ غالب امکان ہے بی ایف7 ویرینٹ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے اور مجھے 100 فیصد یقین ہےکہ دونوں ویرینٹس پاکستان آچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کی کورونا سکریننگ دوبارہ سخت کرنےکا فیصلہ

ماہرین صحت کے مطابق پاکستان کو دونوں نئے ویرینٹس سے کوئی بڑا خطرہ نہیں، یہاں قوت مدافعت بہت بہتر ہے، پاکستان میں آج بھی 15 کورونا کیس کی تصدیق ہوئی ہے اور مثبت شرح صرف اعشاریہ 40 فیصد تھی۔

ماہرین صحت نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے چین جیسے حالات پیدا ہونے کا قطعاً کوئی امکان نہیں ہے۔