لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں چودھری مونس الہٰی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 2 جنوری کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان قومی اسمبلی شریک ہوں گے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں نمبرز گیم پورے ہونے پر اعتماد کے ووٹ کے عمل کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔
دونوں پارٹیوں کے بیرون ملک گئے اراکین کو بھی پاکستان پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی، اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر عثمان بزدار، چیف وہپ سید علی عباس شاہ، فواد چودھری، شفقت محمود، میاں اسلم اقبال اور میاں محمود الرشید اجلاس میں شریک تھے۔
اس کے علاوہ سابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی ملاقات کی جس میں گلگت بلتستان حکومت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔