اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا، پرویزالٰہی

Published On 23 December,2022 08:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو مبارک ہو، آج عدالت نے گورنر کی آئین شکنی کا راستہ روک دیا، اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں منتخب حکومت پر شب خون کی کوشش ناکام ہوگئی ہے، امپورٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ گورنر نے آرٹیکل 58(2) بی بحال کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا راستہ روک دیا گیا ہے، اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر بحال کر دیا

 انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے، ہم امپورٹڈ حکومت کو عوام کے کٹہرے میں پیش کریں گے اور حتمی فیصلہ عوام کا ہو گا، گورنر کے خلاف آج صوبائی اسمبلی کی قرارداد اہمیت کی حامل ہے، اس قرارداد کی روشنی میں صدر سے درخواست کر رہے ہیں کہ گورنر کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔