ہم اسمبلیاں تحلیل اور یہ جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، فواد چودھری

Published On 21 December,2022 07:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم اسمبلیاں تحلیل کر رہے ہیں اور یہ جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو مذاق بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں پرابلم نہیں ہم تو کل اعتماد کا ووٹ لے لیں گے، پنجاب حکومت کو چاہیے آصف زرداری کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کرے۔


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ہے کہ سپیکرنے رولنگ دی ہے اگر پسند نہیں توعدالت چیلنج کر دیں، گورنر نے کہا 24 گھنٹے کے اندر اعتماد کا ووٹ لیں، سپیکر نے گورنر کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق گورنر کم از کم 10 دن کا وقت دے گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے 10 اراکین نے چودھری پرویز الہیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، کل ہم نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے، ان کی قراردادوں کی کوئی حیثیت نہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری خواتین ممبران کوپیسوں کی آفر کرنا تشویشناک ہے، خواتین اراکین اسمبلی کو 5، 5 کروڑ کی آفر کی گئی، سندھ کی عوام کو کہنا ہے یہ آپ لوگوں کا پیسہ ہے جو ہارس ٹریڈنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ ہمارے اراکین کو غیر حاضر ہونے کا بھی کہا جا رہا ہے، امید کرتے ہیں اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا جائے گا، عدم اعتماد ناکام ہو گی، اس کے فوری بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، جیسے پنجاب اسمبلی ویسے ہی خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا۔
 گورنر پنجاب ایڈونچر سے باز رہیں، تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی : فواد چوہدری

قبل ازیں رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کسی بھی ایڈونچر سے باز رہیں، تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کو کسی بھی غیر آئینی اقدام سے باز رہنا چاہیے ، اسپیکر کی رولنگ آ چکی ہے ،اعتماد کا ووٹ آج نہیں کیا جا سکتا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر راج کس قانون کے تحت لگائیں گے ، یہ نہیں لگ سکتا، پرویز الہی وزیر اعلی ہیں اور رہیں گے، ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ابھی پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 109 بالکل واضح ہے، جب تک اجلاس ختم نہ ہو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا، اسمبلیوں کی تحلیل کا کام جمعہ سے شروع ہو جائے گا، عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی ، کے پی اور پنجاب اسمبلی دونوں بیک وقت تحلیل کریں گے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ الگ الگ اسمبلیاں تحلیل نہیں کر رہے، پی ڈی ایم کا ایک ہی مقصد ہے، الیکشن سے بھاگنا، ووٹ کو عزت دو سے الیکشن سے بھاگو کا سفر تیزی سے طے کیا ہے۔