اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی تقریر کے دوران اپوزیشن کا ہنگامہ، اعظم سواتی کے پروڈکشن آڈرز جاری کرو کے نعرے بھی لگائے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ اس دوران وزیر قانون کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاری سے متعلق بل پیش کرنے کی استدعا کی گئی، چیئرمین سینیٹ نے وزیر قانون کو بل پیش کرنے کی اجازات دے دی۔
جس کے بعد اپوزیشن سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹرز نے احتجاج شروع کر دیا اور ایوان میں اعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے لگائے۔ جس کے بعد سینیٹ سارجنٹس کو طلب کرلیا گیا۔
سینیٹ اجلاس میں مختلف واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور نجمہ حمید کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی جبکہ ن لیگ کی سابقہ سینیٹر نجمہ حمید کی وفات پر تعزیتی قرارداد متفقہ طورپرمنظور کی گئی۔
اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے نومنتحب سینیٹر وقار مہدی نے حلف اٹھا لیا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سید وقار مہدی سے حلف لیا، اس دوران ایوان بالاء میں پی پی ورکرز کی جانب سے نعرہ بازی کو چیئرمین سینیٹ نے روک دیا۔