آرمی چیف کا اسلام آباد میں نیول، ایئر ہیڈ کوارٹرز، کورہیڈکوارٹر راولپنڈی کا دورہ

Published On 21 November,2022 08:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی فضائی اور بحری سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک فضائیہ اور بحریہ کے کردار کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اپنے الوداعی دوروں کے دوران سپہ سالار نے اسلام آباد میں نیول اور ایئر ہیڈ کوارٹرز اور کورہیڈکوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آرمی چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل سٹاف افسران سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر آرمی چیف کو پاک فضائیہ کے ایک دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے بات چیت کی ۔

بعد ازاں آرمی چیف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کا دفاع کرنے پر پاک فضائیہ کی بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پی اے ایف کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کور کا دورہ بھی کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

افسران اور فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے سیاچن اور لائن آف کنٹرول سمیت ملکی سرحدوں کا دفاع کرنے پر راولپنڈی کور کو سراہا۔

آرمی چیف نے فوجیوں سے بھی بات چیت کی۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استقبال کیا۔