سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی

Published On 10 November,2022 11:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔

سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کرا دیا، انہوں نے استعفے میں لکھا کہ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی ہدایت پر اپنا استعفیٰ پیش کررہا ہوں۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا میں خوشی سے اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں اور مفاد عامہ کے معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کے اپنے حق کی قدر کرتا ہوں، سندھ سے سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے یہ ان کے ساتھ ایک شاندار سفر رہا ہے اور میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ کیا ہم انڈین لوک سبھا کے اراکین ہیں؟ ہمارے فونز کو مسلسل ٹیپ کیوں کیا جاتا ہے؟ نقل و حرکت کی نگرانی کی جاتی ہے اور رازداری پر حملہ کیوں کیا جاتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ سیاست دان، جج اور صحافی اکثر اس کا شکار ہوتے ہیں، ہم ریاست کا اتنا ہی حصہ ہیں جتنا کہ کوئی اور، ہم غدار نہیں۔