اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کے جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
سپریم جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے کے معاملے پر سپریم کورٹ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ اعلامیہ میں کہا گیا کہ جوڈیشل لاجز میں صرف ججز کو قیام کرنے کی اجازت ہے، لاجز کے انتظامی امور رجسٹرار سپریم کورٹ کے کے پاس ہیں، اعظم سواتی نے سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام نہیں کیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اعظم سواتی نے دورے کے دوران بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی میں قیام کیا، بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی سپریم کورٹ کے کنٹرول میں نہیں۔
بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی
دوسری جانب ترجمان جوڈیشل اکیڈمی بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی کے حوالے سے جاری ہونے والی سپیشل برانچ بلوچستان کی رپورٹ بے بنیاد اور غلط ہے، بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی ستمبر 2019 سے تعلیمی مقاصد کے لئے استعمال ہو رہی ہے جہاں رہائشی، ریسٹ ہاؤس کی سہولت نہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل اکیڈمی بلوچستان یونیور سٹی لا ء کالج کے احاطے میں واقع دو کمروں پر مشتمل ہال میں کرائے کی بنیاد پر کام کر رہی تھی، وہاں بھی رہائشی ریسٹ ہاؤس نہیں تھا۔