عمران خان پر حملہ، ایف آئی آر نامعلوم افراد پرکرنے سے روکا ہے: مونس الٰہی

Published On 07 November,2022 05:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر سے متعلق اہم بیان دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر 24 گھنٹوں میں درج کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ آئی جی پنجاب نے عدالت میں بتایا انہیں صوبائی حکومت نے ایف آئی آر درج کرنے سے روکا ہے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مونس الٰہی نے آئی جی پنجاب کے بیان سے متعلق ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان پرقاتلانہ حملے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد پرکرنے سے روکا ہے۔

ایک اور ٹویٹ پر انہوں نے لکھا کہ پولیس کو پولیس کی مدعیت میں پولیس کی مرضی کی ایف آئی آر سے روکا ہے۔