ارشد شریف قتل: کینین صدر کی وزیراعظم کو تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہانی

Published On 24 October,2022 04:45 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف کا جمہوریہ کینیا کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ولیم روٹو نے صحافی ارشد شریف کے قتل کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہائی کرائی۔

ٹیلیفونک رابطے میں وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر بات کی، واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا اور پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی جانب سے واقعے پر شدید تشویش سے کینیا کے صدر کو آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی کے لئے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی۔

کینیا کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے، تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ 

وزیر اعظم کی ارشد شریف کی میت جلد وطن واپس لانے کیلئے ہدایات

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کو سینئر صحافی ارشد شریف کی میت جلد وطن واپس لانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعظم نے سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ میت وطن واپس لانے کا عمل تیز کیا جائے اور کینیا کے حکام کے ساتھ رابطہ رکھا جائے۔

شہباز شریف نے سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ میت کی وطن واپسی کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔
صدر،وزیراعظم سمیت سیاسی شخصیات کا ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس

 وزیراعظم میاں شہباز شریف، صدر ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدرعارف علوی
صدر عارف علوی نے بھی اپنے ٹویٹ میں صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ارشد شریف کی وفات پاکستان اور صحافت کا بہت بڑا نقصان ہے۔
 

عمران خان

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر صحافی ارشد شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔

 

سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ارشد شریف نے سچ بولنے کی آخری قیمت اپنی جان کی صورت میں ادا کی، صحافی ارشد شریف کے قتل پر صدمہ ہوا ہے، آج قوم ارشد شریف کی وفا ت پر سوگوار ہے، ارشد شریف کے بیانات اور شواہد کی جانچ کے لئے عدالتی تحقیقات کا آغاز کیا جانا چاہیے۔

 بلاول بھٹو زرداری

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے صحافی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کا قتل صحافی برادری کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، ارشد شریف کے قتل کا واقعہ صدمے کا باعث ہے۔

بلاول بھٹو نے ارشد شریف کے ورثاء ، صحافی برادری سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ ارشد شریف قتل کے معاملے پر وزارت خارجہ کینیا کے حکام سے رابطے میں ہیں۔

 رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کینیا میں ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہیں، واقعے سے متعلق حقائق جاننے کے لئے کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، نیروبی میں موجود پاکستانی سفارتخانہ معاملے میں مکمل معاونت کررہا ہے۔

مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے کیس میں مصدقہ حقائق تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، صحافی ارشد شریف کی کینیا میں موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ اورپاکستان میں کینیا کے سفیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں ان کی والدہ کو اب تک کی پیشرفت اور حاصل معلومات سے آگاہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے ارشد شریف کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، ان کے ساتھ پیش آئے واقعے کی وجوہات کا پتا چلانے کی کوششیں جاری ہیں، کینیا کی حکومت نے سرکاری طور پر ارشد شریف کی موت سے متعلق اب تک کچھ نہیں بتایا، کینیا کی حکومت کے سرکاری سطح پر آگاہ کرنے کی تفصیلات ارشد شریف کے اہل خانہ اور عوام کو بتائیں گے۔