کراچی: (ویب ڈیسک) این اے 237 ملیر میں ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو شکست دینے والے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما عبدالحکیم بلوچ نے سابق وزیراعظم کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج دیدیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز این اے 237 کراچی کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار عبد الحکیم بلوچ نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو ہرا دیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 32567 جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین نے 22493 ووٹ حاصل کیے۔
آج پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم نے کراچی کے اس حلقے پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے دوبارہ الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا۔
اس مطالبہ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے دوبارہ چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو دوبارہ الیکشن کا شوق ہے تو میں دوبارہ شکست دینے کو تیار ہوں۔ میں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کو شکست دی ہے، دوبارہ شکست دینے کو بھی تیار ہوں۔
انہوں نےکہا کہ کراچی کے عوام نے عمران خان کو شکست دے کر اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ عمران خان میں ہمت ہے تو دوبارہ میرا مقابلہ کر کے دکھائیں، دھاندلی کا شور مچانے سے عمران خان اپنی شکست کا داغ نہیں مٹاسکتے،پیپلزپارٹی نے عمران خان کو دن میں تارے دکھادئیے اور ابھی تو یہ آغاز ہے۔
خیال رہے 2018ء کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمیل احمد خان نے 33280 ووٹ لیکر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو شکست دیدی تھی۔ رنر اپ امیدوار 31907 ووٹ لے سکے تھے۔