اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کے لیے ضمنی انتخابات مؤخر کرنے کی استدعا پر سکیورٹی صورتحال پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 12 حلقوں میں ضمنی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارت داخلہ کے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کے خط پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے لیے سکیورٹی صورتحال پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس اور سیکرٹری داخلہ کو منگل کو طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری دفاع اور ڈی جی ملٹری آپریشنز کو بھی بلا لیا گیا، الیکشن کمیشن کل 2 بجے اجلاس میں اہم فیصلے کریگا، الیکشن کمیشن کل ضمنی انتخابات کرانے یا ملتوی کرنے کا فیصلہ کریگا۔
یاد رہے ک حکومت نے قومی و پنجاب اسمبلی کی 12 اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔