نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانا پوری پارٹی کی خواہش ہے: اسحاق ڈار

Published On 04 October,2022 08:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کی پوری پارٹی چاہتی ہے نواز شریف ہی آئندہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار بنیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں میزبان کامران شاہد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ قرضہ اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں آتا ہے، عمران خان ڈیل اور ڈھیل کی پیداوارہیں، 1993ء میں حامد میرکی موجودگی میں عمران کو پارٹی جوائن کرنے کا کہا تھا، عمران خان نے کہا میری توبہ کبھی سیاست میں نہیں آؤنگا، اس میٹنگ میں 20 بڑے انڈسٹریل بھی موجود تھے جو عینی شاہد ہیں، عمران خان شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ کے لیے لاہورچیمبرآئے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے126دن کا دھرنا دیکھا ہوا ہے، ان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا تھا، چینی سفیرکی بات کو بھی عمران خان نے اس وقت نہیں مانا تھا۔ اس کی ترجیح ملکی مفاد نہیں ہے، کس قانون میں لکھا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری میں اپوزیشن سے مشاورت کرنی ہے، وزیراعظم کی ذمہ داری ہے وہ فیصلہ کریں گے، کبھی یہ میر جعفر، کبھی میرصادق کہتے ہیں، نوازشریف نے کبھی ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے، یہ سپائلڈ بے بی اور فاشسٹ انسان ہیں، ججز تعیناتی، نگران حکومت، الیکشن کمیشن کو لگانے میں اپوزیشن کا پراسس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی اصل قدر 200 روپے سے کم، آئی ایم ایف کو ڈیل کرنا آتا ہے: اسحاق ڈار

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی دنیا کے کسی معیار پر پورا نہیں اترتی، نوازشریف، جہانگیر ترین کو بھی ساری زندگی کے لیے نااہل کر دیا گیا، شہبا زشریف اور پوری پارٹی چاہتی ہے نواز شریف ہی وزارت عظمیٰ کے امیدوار بنیں، پارٹی کی خواہش ہے الیکشن ہو تو نوازشریف ہی لیڈ کریں۔ اب تک جوشواہد سامنے آچکے ان کیسز کو توڑا جانا چاہیے تھا۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈالر کو ایک ہفتے تک مصنوعی رکھا جا سکتا ہے، چار سال تک نہیں، ہم ڈالر کو 200 سے نیچے لیکر آئیں گے، مارکیٹ بیس ہی ڈالرہے، پچھلے چار سالوں میں ملک کو چار ہزار ارب روپے کا ٹیکا لگ چکا ہے، پچھلی رجیم کو مفتاح اسماعیل فالو کر رہے تھے، اس ماہ پٹرول پر پانچ روپے لیوی لگنے والی تھی، آئی ایم ایف کو 25 سال سے ڈیل کر رہا ہوں، ہم نے آئی ایم ایف کو حوا بنا لیا ہے، ہم نے عوام کوریلیف دینا ہے، لیوی لگانے کے بجائے میرے پاس ریونیو اکٹھا کرنے کا پلان موجود ہے، آئی ایم ایف سے ڈیل کروں گا کسی کوفکرکی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل سے بڑا اچھا تعلق رہا، کسی کو فکرکی ضرورت نہیں، مفتاح اسماعیل بھی ریلیکس کریں، میرے پاس متبادل پلان موجود ہے، عوام کوریلیف دیں گے، نوازشریف چاہتے ہیں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ مفتاح اسماعیل سے اچھا تعلق رہا یہ کوئی ذاتیات کا معاملہ نہیں، تین دفعہ وزیرخزانہ رہ چکا ہوں چوتھی دفعہ سرخاب کے پرنہیں لگ جانے۔