کوہلو: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع کوہلو کے مرکزی بازار میں حلوائی کی دوکان میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوگئے۔ 12 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈی جی خان ریفر کردیا گیا۔
کوہلو میں مرکزی بازار میں حلوائی کے دوکان میں اس وقت دھماکہ ہوا جب وہاں لوگ بڑی تعداد میں مٹھائیاں،پکوڑے سموسے و دیگر چیزیں خرید رہے تھے ۔ دھماکے نے پورے شہر کو لرزا دیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، لیویز اور ایف سی نے علاقوں کو گھیرے میں لے کر ملبے تلے دبے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کردیا ۔
ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر اصغر مری کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کردی تمام طبی عملے کو طلب کرلیا اور دھماکے سے زخمی افراد کو طبی امداد دی گئی ۔ ڈاکٹر اصغر مری کے مطابق واقع میں ایک شخص جان بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے ہیں ۔ 12 زخمیوں کی حالت تشویشناک تھی جنہیں ڈیرہ غازی خان ریفر کردیا گیا۔
دھماکے کے بعد پولیس،لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ڈی ایچ کیو اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ۔
صوبائی وزیرتعلیم میر نصیب اللہ مری بھی موقع پر ڈی ایچ کیواسپتال پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو کو زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی ہدایت جاری کی۔ صوبائی وزیر نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
میر نصیب اللہ مری نے دھماکے میں شہید ہونے والے فرد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی بہتر صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ۔ اس ایچ او سٹی نے سیراب کھیتران کے مطابق دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم پولیس، سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔