اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا موسم کی خرابی کے سبب میانوالی اور ٹانک کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ منسوخ ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کی وجہ سے میانوالی سے واپس لوٹ آیا، وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے سلسلے میں پہلے میانوالی اور پھر ٹانک جانا تھا۔
شہباز شریف نے ٹانک میں تعمیر شدہ 100 گھروں کا افتتاح کرنا تھا، وزیراعظم نے اپنے ٹانک کے گزشتہ دورے میں متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔
موسم کی خرابی کی وجہ سے وزیراعظم کو میانوالی سے اسلام آباد جانا پڑا، شہباز شریف نے ہوائی اڈے پر سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس طلب کر لیا۔
وزیر اعظم ریسکیو اور ریلیف کے کاموں سے متلعق تازہ ترین معلومات حاصل کریں گے، شہباز شریف ہوائی اڈے پر سیلاب سے متعلقہ اجلاس کے بعد لندن روانہ ہوں گے۔