راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاک افغان سرحد پر ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے افغانستان کی حدود سے پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان فرض پر قربان ہوگئے، مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان پہنچا، پاک فوج کے جوانوں نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
شہدا میں کرک کے 32 سالہ نائیک محمد رحمان، جمرود، خیبر کے 34 سالہ نائیک معویز خان اور مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی عرفان اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان مخالف کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو روکے گی، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے اور وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی فائرنگ کی مذمت
چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے افغانستان کی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کر دی۔
وزیر خارجہ نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو اپنی سرحد سے کارروائیاں کرنے سے روکیں۔
بلاول بھٹو نے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثا سے اظہار افسوس کیا اور دہشت گردوں کے خلاف زبردست جوابی کارروائی پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔