سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے پورٹل کااجرا

Published On 12 September,2022 03:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے اسلام آباد میں نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سنٹر کے ایگزیکٹو پورٹل کا باضابطہ افتتاح کردیا، جس کا مقصد امداد اور بحالی کی کوششوں میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یہ پورٹل وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعے عوام اور ترقیاتی شراکت داروں کو ملک اور بیرون ملک سے ملنے والی امداد کے بارے میں معلومات فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تباہ کن آفت کا شکار ہے جس نے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے، سیلابوں کے باعث ہونے والے نقصان کا روزانہ کی بنیاد پر عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، اقوام متحدہ اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے تمام حصوں سے پانی کم ہونے کے بعد ہی نقصانات کا حتمی جائزہ لگایا جا سکے گا۔