’صرف پاکستانی شہری ہوں‘: زلفی بخاری نے برطانوی شہریت ترک کر دی

Published On 03 September,2022 06:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے قریبی دوست اور سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے برطانوی شہریت ترک کر دی۔

زلفی بخاری نے برطانوی ہوم آفس کی تصدیقی دستاویزات میڈیا پر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب میں صرف پاکستانی شہری ہوں، میرے پاسپورٹ پر کوئی اور ویزا نہیں، اب کہیں نہیں جا سکتا، جینا مرنا پاکستان میں ہے، اب عمران خان کے ساتھ مل کر حقیقی آزادی کی جدو جہد کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا تھا حکومت کے خاتمے پر پاکستان چھوڑ کر بھاگوں گا، مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، پاکستانی ہو اور پاکستانی رہوں گا، میں برطانیہ میں پیدا ہوا، پورا خاندان وہاں ہے، برطانیہ میں کاروبار کیا، وہاں سے بہت کامیابیاں ملیں۔ اب میرے ملک پاکستان کو ہماری ضرورت ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہئوے زلفی بخاری نے کہا کہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں لیکن پاکستان کی خدمت کا فیصلہ کر لیا،پاکستان چھوڑ کر بھاگنے والے پناہ لینے کیلئے کوشاں ہے، برطانیہ نے نواز شریف کو خط لکھا ہوا ہے، انہیں بھی پاکستان واپس آنا ہو گا۔