ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ تشکیل

Published On 16 August,2022 05:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ تشکیل دے دیا گیا۔ لارجر بنچ جمعرات 18 اگست سے سماعت شروع کرے گا۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی تو پی ٹی آئی کی جانب سے انور منصور عدالت میں پیش ہوئے۔

انھوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کو بھی چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ حنیف عباسی کیس میں واضح کرچکی ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر اکاؤنٹس ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔

قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ان کی یادداشت کے مطابق ولی خان کیس کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے۔ ولی خان کیس میں ریفرنس بھجوایا گیا تھا کیا اس کیس میں ریفرنس نہیں بھجوایا گیا؟

تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو پابند کرے کہ جاری کردہ شوکاز کی حد تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے۔

قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شوکاز سمیت اسٹے آرڈر کا معاملہ لارجر بینچ ہی دیکھے گا۔ عدالت نے کیس لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اٹھارہ اگست تک ملتوی کردی۔