اسلام آباد سے گرفتار ڈاکٹر شہباز گل کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج

Published On 09 August,2022 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور عمران خان کے چیف آف سکیورٹی سٹاف ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

گرفتاری کے تقریباً دو گھنٹے بعد اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں شہباز گل کے خلاف بغاوت، اداروں کے خلاف اکسانے کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

شہباز گل کے خلاف درج مقدمے میں سنگین نوعیت کی 10 دفعات کے شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ شہباز گل نے نجی ٹی وی پروگرام میں فوج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، شہباز گل نے فوج کے مختلف رینک کے افسران کو سیاسی جماعت سے جوڑنے کی کوشش کی۔



مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ شہباز گل نے اسی طرح سول بیوروکریسی کوبھی بغاوت پر اکسایا اور دھمکایا اور ریاستی اداروں بشمول سول بیوروکریسی کو اکسانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ افسران کے احکامات نہ مانیں۔

رانا ثناء اللہ 

اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز گل کیخلاف ریاست کی مدعیت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ نمبر 691/22 تھانہ کوہسار اسلام آباد میں درج ہوا ہے جس میں وہ سکرپٹ بھی شامل کیا گیا ہے جو نجی ٹی وی چینل پر سنایا گیا اور اس میں دفعہ 505، 120, 120 بی، 153، 153 اے، 124 اے، 131، 121، اور 506 شامل کی گئی ہیں، جس کے تحت اسلام آباد پولیس نے قانون کے تحت شہباز گل کو گرفتار کیا ہے، ان کے خلاف قانون کے مطابق شکایت درج ہوئی اور پھر باضابطہ قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا۔ ہم صبح عدالت میں پیش کرینگے فیصلہ عدالت کرے گی، عمران خان فرمارہے ہیں یہ اغوا ہے، اغوا نہیں ہوا باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا ہے، عمران خان فرماتے ہیں کس جمہوریت میں ایسے مقدمات درج ہوتے ہیں، اگرمیں چاہتا تو آج شہبازگل کی گاڑی سے ہیروئن برآمد ہو سکتی تھی، ہمارا ایسی شرمناک حرکتوں کا کوئی ارادہ نہیں

عمران خان

اُدھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ مراد سعید کو گرفتار نہیں، اغوا کیا گیا ہے۔ کیا ایسی شرمناک حرکتیں کسی جمہوریت میں ہو سکتی ہیں؟ سیاسی کارکنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور یہ سب ہتھکنڈے بیرونی سازش سے آنے والی حکومت قبول کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔