اسلام آباد:(دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) شیرانی گروپ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے مذہبی اور سیاسی معاملات پر اتحاد کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے، جے یو آئی شیرانی گروپ کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران قاسم سوری، شاہ محمود قریشی، پیر نور الحق قادری، سینیٹر اعجاز چودھری سمیت شیرانی گروپ کا 25 رکنی وفد بھی موجود تھا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی اور شیرانی گروپ کے مابین سیاسی اتحاد پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں جماعتوں کے مابین باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر مولانا خان محمد شیرانی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیخلاف جدوجہد مشترکات میں سے ہے، سماج و سیاست سے جبر و نفاق کا خاتمہ اہم ضرورت ہے، دونوں جماعتوں کے مابین رفاقت کو باہمی روابط و مشاورت سے نتیجہ خیز ایجنڈے کی صورت میں ڈھالیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ اور عمائدین کا خیر مقدم کرتا ہوں، ارفع مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد سیاست کا امتیاز ہے، تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلیٰ سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔