کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج امن، داخلی و خارجی سلامتی، علاقائی استحکام کی ضامن ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کورس میں شرکت کرنے والے افسران سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج امن، داخلی و خارجی سلامتی، علاقائی استحکام کی ضامن ہیں اور عالمی امن کی کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
مسلح افواج کی کامیابیوں اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں بے مثال ہیں جس کا دنیا بھر پور اعتراف کرتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے قدرتی آفات کے دوران قوم کی خدمت میں ہمیشہ قابل تعریف کام کیا ہے۔ مسلح افواج انتہائی اہم ریاستی ادارہ اور قوم کا فخر ہے۔ ملک کا دفاع مقدس ہے ، پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، قوم اپنے ہیروز کی یادگار قربانیوں کی مقروض ہے۔