سپریم کورٹ کو فتنہ باز سے دور اور غیر جانبدار رہنا ہو گا : مریم نواز

Published On 28 May,2022 09:07 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نمبر بدل گیا ہے اس لیے لانگ مارچ ناکام ہونے پر سپریم کورٹ کو آواز دے رہا ہے، عدالت عظمیٰ کو ادب سے کہنا چاہتی ہوں کہ عمران خان کی سیاست سے دور رہیں، سپریم کورٹ کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، کیا عدالتوں کا یہ کام رہ گیا کہ جہاں عمران خان ناکام ہو وہاں وہ مدد کے لیے آئیں۔ملک کو بیرونی خطرہ نہیں بلکہ اندرونی انتشار اور فتنے کا خطرہ ہے اور سب سے بڑا فتنہ عمران خان ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں، اتنی شدید گرمی میں جلسے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتی ہوں، نوازشریف نے دباو کے باوجود بھارت کے مقابلے میں6ایٹمی دھماکے کیے، کون ہے وہ لیڈر جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے لیڈر کا نام نوازشریف ہے، پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتا ہے، کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی امداد ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا۔ یہ ہوتی ہے خودداری، یہ ہوتی ہے آزادی، نوازشریف نے ملک کواتنی بڑی طاقت بنادیا، اس کے بعد کارگل ہوا،ن لیگی قائد نے صرف ایٹمی دھماکے نہیں جے ایف تھنڈرکے طیارے بھی دیئے، ملک سے یہ محبت کرنے والا کر سکتا ہے، نوازشریف نے ملک کوموٹرویز، کارخانے دیئے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف، ذوالفقار علی بھٹو، افواج پاکستان، سائنسدانوں سمیت سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پاکستان کو ایٹمی دھماکے کرنے سے منع کیا گیا، کہا گیا ایٹمی دھماکے کئے تو تمہیں پتھر کے زمانے میں دھکیل دیں گے، نواز شریف نے کہا جو کرنا ہے کر لو میں ایٹمی دھماکے کر کے دم لوں گا، میرے قائد نے تو کوئی خط نہیں لہرایا، کسی سازش کا ڈرامہ نہیں کیا، ایٹمی دھماکوں کے بعد کسی کی جرات نہیں ہوئی کہ میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ ملکی سرحدوں کو اس طرح محفوظ صرف اپنے وطن کی مٹی سے محبت کرنے والا کر سکتا ہے، نواز شریف نے اس ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کئے۔

فتنہ خان کو چیلنج کرتی ہوں اپنا ایک کارنامہ بتا دو

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے دن رات ملک کی خدمت کی، فتنہ خان تم سے پوچھتی ہے تم نے قوم کوکیا دیا؟، تم نے گالیوں، غربت، افلاس، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، فتنہ خان چیلنج کرتی ہوں اپنا ایک کارنامہ بتادو۔ آج پاکستان کو کوئی بیرونی سکیورٹی کا کوئی خدشہ نہیں، آج پاکستان کو اندرونی انتشار، فتنہ سے ہے، انتشار اور فتنہ کا دوسرا نام کیا ہے؟ پاکستان میں سب سے بڑے فتنہ اورانتشارکا نام عمران خان ہے، پاکستان کوکسی دشمن سے نہیں فساد اورفتنہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا لانگ مارچ بھی بُری طرح فیل ہوگیا ہے، نمبربدل گیا ہے تو آج سپریم کورٹ میں خط لیکرچلا گیا ہے۔ یاد ہے ناں 2014ء کے دھرنے، اقتدارکے لالچی کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی تھی، اس کا 2014ء کا بھی لانگ مارچ ناکام ہوا تھا، جسٹس کھوسہ نے کہا ہمارے پاس آؤ فیصلہ کرتے ہیں۔ کیا اب عدالتوں کا یہ کام رہ گیا جہاں عمران فیل ہوا س کی مدد کو آئیں، عمران خان جوانقلاب تم بذریعہ سپریم کورٹ لانا چاہتے ہو عوام اس انقلاب کوبھی ناکام بنائیں گے، سپریم کورٹ فتنہ باز سے دور رہے، سپریم کورٹ کو غیرجانبداررہنا ہوگا، کیاعدالتوں کایہی کام رہ گیاجہاں عمران خان فیل ہواس کی مددکوآئیں؟

پہلے اپنے بچوں کے برٹس پاسپورٹ کو آگ لگائیں ، پھر آزادی مارچ لیڈ کریں

مریم نواز نے کہا کہ بندے لانے کی تمہاری تیاری نہیں تھی لیکن پولیس کو سیدھی گولیاں مارنے کی پوری تیاری تھی۔ اب کہتا ہے تیاری کے بغیر نہیں آنا چاہیے، جانوروں کے بھی حقوق ہوتے ہیں تم نے 22 کروڑعوام کو بھی جانوروں سے کم سمجھ لیا، عمران خان کارکنوں کے گھر گیا اور دوسروں کی نقل کر کے گود میں لیے، کارکنوں کے بچے پوچھتے ہوں گے تمہارے بچے ٹھنڈی جگہ رہتے ہیں، اگریہ حقیقی آزادی، جہاد کا سفرہے تو اپنے بیٹے قاسم، سلیمان کو لندن کیوں بٹھایا ہوا ہے؟ قوم کے بچے سڑکوں پر لو کے تھپڑے کھا رہے ہیں، پہلے تمہارے بچے برٹش پاسپورٹ کو آگ لگائیں اور پھر آزادی مارچ کو لیڈ کریں۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ فتنہ خان شہید کانسٹیبل کمال احمد کے گھر بھی جاؤ، کانسٹیبل کوگولی مار کر شہید کر دیا گیا، شہید کے 5 بچوں کو دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، فتنہ خان کو اقتدارسے باہر رہنے کی عادت نہیں، یہ سیاست چمکا کر واپس وزیراعظم ہاؤس جانا چاہتا ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، اس نے اپنے کارکنوں کو گندی زبان سکھا دی ہے، اس کی پیروکار خاتون نے پولیس اہلکار کو گندی گالیاں دیں، کبھی مذہب کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے، کبھی بسم اللہ، کبھی ایاک نعبدو پڑھ کر جھوٹ کے انبار لگا دیتا ہے، قاسم سوری کہتا ہے خان صاحب تھوڑا سا اسلامی ٹچ دیدیں، جو انسان اپنی سیاست کے لیے مذہب استعمال کرے اس سے زیادہ کوئی خطرناک نہیں، اسے صلح حدیبیہ نہیں کہنا آتا،

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، قیمتیں بڑھا کر دل خون کے آنسو رویا، ایک روپیہ بھی جب بڑھتا ہے تو نوازشریف، شہبازشریف، مریم کا دل روتا ہے، یہ تو کہتا تھا آلو، پیازکے ریٹ بتانے نہیں آیا، ہاں! نوازشریف، شہبازشریف آلو کے ریٹ پتا کرنے آئے ہیں، کل بڑے شوق سے شہبازشریف کا خطاب سنا تھا، وزیراعظم کے خطاب میں مذہب، غداری کارڈ نہیں تھا، شہبازشریف نے کل 28 ارب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا، تم تو چارسال کی کارکردگی کا حساب نہیں دے سکتے، شہباز شریف کی 5 ہفتے کی کارکردگی آٹا کی قیمت 40 روپے کم کر دی، شہباز شریف چینی اور کھاد کی قیمت نیچے لے آیا، یہ صرف 5 ہفتے کی کارکردگی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ضرب عضب لڑی تھی، آج (ن) لیگ اور اتحادیوں کی حکومت کے لیے سپورٹ مانگنے آئی ہوں، شہبازشریف دن رات محنت سے بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے،

عدم اعتماد کے دوران عمران خان اپنے ایک دوست سے منتیں کر رہا تھا

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر دیکھا عمران خان عدم اعتماد کے دوران اپنے ایک دوست سے منتیں کر رہا تھا، جلسوں میں فتنہ خان کہتا ہے زرداری کو بندوق کی نشست پر رکھا ہوا تھا، اگر بقول تمہارے سازش ہوئی تھی تو انہی سازشیوں سے چپکے، چپکے کیوں منتیں کرتے تھے، جوانقلاب ہوتے ہیں وہ پولیس کے ڈر سے گھروں میں نہیں بیٹھ جاتے، اس نے25 لاکھ لوگوں کو لانے کی بات کی تھی، پورے پاکستان سے 25 ہزاربندہ بھی نہیں نکلا، تیاری نہ ہونے کا جھوٹ بولتے ہو، خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری وسائل استعمال کیے۔ مجھے خوشی ہے آپ نے فتنہ، فساد کو جہاں سے نکلا وہیں واپس بھیج دیا، خیبرپختونخوا کی عوام نے بھی فتنہ، فساد کو مسترد کر دیا، پنجابیوں نے بدلہ لے لیا، انٹیلی ایجنس رپورٹ کے مطابق پنجاب کے کسی شہر سے 200 سے زائد بندے اکٹھے نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت سے نکلا اچانک مہنگائی، ڈالرکی قیمت بھی یاد آگئی ہے، چار سال بعد نیند سے اٹھا ہے، کہتا ہے روس سے سستا معاہدہ ہونے جا رہا تھا تو معاہدہ ہوا کیوں نہیں؟ جب پٹرول کی قیمتیں بڑھاتے تھے تب معاہدہ کیوں نہیں ہواَ؟ عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا، نوازشریف نے آتے ہی بہاولپورسے گورنر کا انتخاب کیا۔ بلیغ الرحمان بہاولپور کا بیٹا ہے، جنوبی پنجاب کو چمکتا، دمکتا بنائیں گے، اگر اس ملک کی خاطر مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے تو نوازشریف کا ساتھ دوگے؟ اگر اسی طرح ساتھ دو گے تو وعدہ کرتی ہوں نوازشریف، شہبازشریف چند ماہ میں ملک کو مشکلات سے نکال لیں گے۔

عمران خان دوبارہ فساد کی کوشش کی تو جیل کا ٹچ دیکر حوالات بھیج دینگے: حمزہ شہباز

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران قاسم سوری کان میں کہتا ہے اسلامی ٹچ دو، یہ ہے اس کا اصل چہرہ، عمران نیازی نے جتنے ٹچ دینے تھے دے چکے،چھ روز بعد دوبارہ فساد کی کوشش کی تو ہم جیل کا ٹچ دیکر حوالات بھیج دیں گے۔

بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم تکبیرکے موقع پرحاضرہوئے ہیں، شدید گرمی کے باوجود شیروں نے نکل کر ثابت کر دیا آپ (ن) لیگ کے سچے سپاہی ہیں، بہاولپورکے لوگ چار سال سپیڈو بس سے محروم رہے، 8ہزار لوگ سپیڈو بس پر سفر کر رہے ہیں، آپ نےاتنا پیار دیا اب 12 سپیڈو بسیں نہیں 24 آئیں گی، بہاولپوروالوں کی دن رات خدمت کروں گا، چولستان میں پانی کی کمی کا مسئلہ ہے، خورشید شاہ کو کہا پنجاب کو اس کے حصے کا پانی دیں، چولستان میں پانی کی کمی سے جانور مر گئے، خورشید شاہ کا شکرگزارہوں پنجاب کے حصے کا پانی دیا، 3 سال بہاولپور کے لوگوں سے فری نیٹ سروس چھینی گئی۔

عمران خان نے کے پی کے سرکاری وسائل استعمال کیے

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ کے لیے نکلا تھا، شہید کانسٹیبل کے 12 سال کے بچے کوحوصلہ دیا، عمران نیازی نے بچوں کوباپ کے سائے سے محروم کردیا، سیالکوٹ میں کانسٹیبل جاوید کے بچوں نے کہا ہمارا سب کچھ چلا گیا، عمران نیازی تم نے انتشار پھیلایا۔ عمران خان نے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کو استعمال کیا، قوم اس کا 126دن دھرنا نہیں بھولی تھی، انہوں نے رینجرز، پولیس کے جوانوں کو زخمی کیا، اس نے توالیکشن کی تاریخ لینا تھا ایک دن بھی نہ رُک سکا، یہ بزدل آدمی ہے، اس نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کرغریبوں کے گھرگرائے، اس نے اپنے گھر کو ریگولرائزکرایا، ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی چکی میں پیس دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قاسم سوری کان میں کہتا ہے اسلامی ٹچ دو، یہ ان کا اصل چہرہ ہے، عمران تم نے عوام کوسبزباغ کا ٹچ دیا، اسلام آباد میں صبح 8 بجے خالی کرسیوں سے خطاب کیا، اس نے جتنے ٹچ دینے تھے دیدیئے، عمران نیازی میری بات سن لو اگر تم نے دوبارہ ایسا کیا تو تمہیں جیل کا ٹچ دیں گے۔

ٹیلیفون آڈیو لیک نے سازش کا بھانڈا ہی پھوڑ دیا

انہوں نے کہا کہ آج ٹیلی فون آڈیولیک ہوئی اس نے سازش کا بھانڈا ہی پھوڑدیا ہے، جن کو تم بُرا بھلا انہی سے حکومت بچانے کی بھیک مانگ رہے تھے، یہ جھوٹا، فریبی ہے، جب یہ اسلام آباد گھوم رہا تھا تواس کے 24 لاکھ 90 ہزارلوگ کم تھے، جنوبی پنجاب صوبے کا ڈھونگ رچایا گیا، ابھی آٹا سستا کیا چند دنوں میں گھی، چینی سستا کرنے کی بھی خوشخبری سناؤں گا، نوازشریف نے کہا اگر گورنر ہو گا تو بہاولپورسے ہو گا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کہتا تھا آئی ایم ایف گیا تو خودکشی کر لوں گا، ہم تمہیں مجبور کریں گے تم سیاسی خود کشی کرو گے، جاوید میانداد نے کہا اس کو ایک کام بھیک مانگنی اچھی آتی ہے، آڈیولیک میں بھی یہ اپنی حکومت کے لیے بھیک مانگ رہا تھا، پٹرول مہنگا کرتے ہوئے دل کو بڑی تکلیف ہوئی، جب بیماری حد سے بڑھ جائے تو پھر الیکٹرک شاک دینا پڑتا ہے، عوام کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران نیازی نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا ہے، دوبارہ شیروں کی طرح آگے بڑھ کر ملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائیں گے، اگر آزاد حقیقی مارچ کا مقصد یہ ہے تمہارے توشہ خانہ کے ڈاکوؤں کا سوال کوئی نہ پوچھے تو ایسا نہیں چلے گا، تمہاری انا آئین پاکستان سے بڑھی نہیں، تمہاری انا کو گریبان سے پکڑ کر اس مٹی میں دفن کردیں گے، تم نے بڑی کوشش کی میری کابینہ اورگورنرنہ آسکے، دو ماہ سے آئینی بحران پنجاب کا پیچھا کر رہا ہے۔ اب کہانی میں جیل کا ٹچ رہ گیا ہے، تمہیں جیل بھیجیں گے، دوبارہ انتشارپھیلانے کی کوشش کی توتمہیں جیل جانا پڑے گا۔