بھارت کا روس سے سستا تیل خرید کر عوام کو ریلیف، عمران خان شہباز حکومت پر برس پڑے

Published On 21 May,2022 10:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت کی جانب سے روس سے سستا پٹرول خریدنے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی موجودہ حکومت پر برس پڑے۔

ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی چیئر مین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کیا۔ سکرین شاٹ میں ایک خبر کی تصویر دیکھی جا سکتی ہے جس میں لکھا ہے کہ بھارت نے روس سے سستا خریدنے کے بعد پٹرول 9.5 اور ڈیزل 7 روپے فی لٹر سستا کر دیا ہے۔

ٹویٹر پر انہوں نے لکھاکہ آسٹریلیا ، بھارت، جاپان اور امریکا پر مشتمل کواڈ کا حصہ ہونے کے باوجود ہندوستان نے امریکی دباؤ کے مسترد کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رعایتی روسی تیل خریدا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہی کام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بھی آزاد خارجہ پالیسی کے تحت کرنا چاہتی تھی۔ ہمارے لیے ملکی مفاد سب سے پہلے تھا لیکن بدقسمتی سے ملک میں مقامی میر جعفر اور میر صادق پر مشتمل لوگوں نے بیرونی دباؤ کے سامنے جھک کر ہماری حکومت کو تبدیل کر دیا۔ اور اب معیشت کو تباہی کے گڑھے میں پھینک کر مارے مارے پھر رہے ہیں۔۔