اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی گہما گہمی کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم اور سابق صدر کے درمیان ملاقات میں موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شہباز شریف نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیا۔
دوسری طرف وزیراعظم سے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مولانا کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔