کراچی کے علاقے صدر میں زوردار دھماکا، 1 شخص جاں بحق، متعدد زخمی

Published On 12 May,2022 11:08 pm

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے صدر میں زوردار دھماکا ہوا جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق صدر میں دھماکا لکی سٹار کے قریب ہوا ہے، دھماکا کچرے کے قریب نصب شدہ مواد پھٹنے سے ہوا، دھماکے سے کئی موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں اب تک 8 زخمیوں کو لایا گیا ہے، دھماکے سے 1 شخص جاں بحق ہوا، زخموں کی نوعیت شدید ہے، بال بیرنگ سے زیادہ تر افراد زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے اطراف میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

جائے وقوعہ کو سیل کر کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو شواہد کے لیے طلب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا نوٹس

دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے صدر میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سول اور جناح ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی جائے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد دی جائے، دھماکے کی ہر نوعیت سے جانچ کی جائے، پولیس، رینجرز اور شہری انتظامیہ جائع وقوعہ پہنچ کر شہریوں کی مدد کریں۔

مرتضیٰ وہاب

اُدھر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضی وہاب نے صدر کے علاقے میں دھماکے کا نوٹس لے لیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ زخمیوں کو جناح ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ پولیس کے اعلی حکام سے رابطہ ہوا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق جناح ہسپتال میں اب تک 8 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔ دھماکے میں 1 شخص جاں حق ہوا۔ بال بیرنگ سے زیادہ تر افراد زخمی ہوئے ہیں۔