پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنائی جائیگی: چینی وزارت خارجہ

Published On 28 April,2022 10:36 pm

کراچی:(دنیا نیوز) جامعہ کراچی میں خود کش دھماکہ پر چین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے، پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی پوری انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے، پاکستان اور چین دہشت گردوں کو سبق سکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ملکوں کی دوستی کو عوامی مقبولیت اور حمایت حاصل ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کی قومی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی اور لوگوں کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، حکومت پاکستان نے چینی شہریوں کے تحٖفظ کا یقین دلایا ہے، پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکام بنائی جائے گی، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا، پاکستان میں چینی شہری اپنی سکیورٹی کا پہلے سے زیادہ خیال رکھیں۔