وزیراعظم کا شہباز گل کو پیش آئے حادثے کا نوٹس، تحقیقات کرانے کا حکم

Published On 05 May,2022 09:13 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو موٹر وے پر پیش آنے والے حادثے پر نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ، سابق معاون خصوصی کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔

انہوں نے ڈاکٹر شہباز گل اور ان کے ہمراہیوں کے زخمی ہونے پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔

 مجھ پر قاتلانہ حملہ منصوبے کے تحت کیا گیا: شہباز گل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کروانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں اپنے مولا اور قوم کی دعاؤں کی وجہ سے زندہ ہوں، یہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا۔

خیال رہے کہ شہباز گل کی گاڑی موٹروے پر حادثے کا شکار ہوگئی جس میں وہ زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما لاہور سے اسلام آباد پہنچ رہے تھے اور جمعہ کو انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونا تھا، عدالت عالیہ سے انہوں نے 6 مئی تک عبوری ضمانت بھی حاصل کی ہوئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ شہباز گل نے مدینہ منورہ واقعہ میں ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت لی تھی، شہباز گل نے خد شہ ظاہر کیا تھا کہ ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کو پیچھے سے ہٹ کیا جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے فوری بعد موٹر وے پولیس کے حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز گل نے لکھا کہ ‏ مجھ پر قاتلانہ حملہ کروانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں اپنے مولا اور قوم کی دعاؤں کی وجہ سے زندہ ہوں، میری گاڑی کا پیچھا کر کے جان بوجھ کر ہٹ کیا گیا، یہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا، ‏میں نے کل ہی کہا تھا کہ کیا زیادہ سے زیادہ آپ ہمیں قتل کروا دیں گے؟ کروا لیں، غداری نہیں کروں گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ خان کے ساتھ کھڑا تھا کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، میں آج قوم کو بتانا چاہتا ہوں یہ خان پر بھی حملہ آور ہوں گے، یہ ہر قیمت پر ہمیں چپ کروانے کی کوشش کریں گے، بیرونی سازش اس کے لوکل ہینڈلرز اور غداروں کو یہ پتہ ہے کہ خان اور اس کے ساتھی چپ نہیں بیٹھیں گے، انشاللہ سب کو بے نقاب کریں گے۔