اسلام آباد:(دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفی منظور کر لیا گیا، کیبنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے اور وزیراعظم کے عہدے سے ہٹنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استعفیٰ دے دیا تھا، کیبنٹ ڈویژن نے استعفیٰ منظور کر کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
عارضی طور پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو قائم مقام گورنر سندھ بنا دیا گیا، آغاسراج درانی نیب کیس میں گرفتار ہیں، ان کے گھر کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی گورنر پنجاب کو اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت
ادھر صدر مملکت عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز کو اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان نے گورنر پنجاب کو برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک اپنے فرائض انجام دینے کے احکامات دیئے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری بھجوائی گئی تھی۔ عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی سمری وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد بھجوائی گئی۔
دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سردار عثمان بزدار کے بطور وزیراعلیٰ استعفے کی منظوری پر اعتراض اٹھا دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو لکھے گئے خط میں دریافت کیا گیا ہے کہ عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری میں کوئی آئینی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔