شاہ محمود قریشی نے ہی عمران خان کو پھنسایا ہے: بلاول بھٹو

Published On 09 April,2022 03:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کو کہا تھا کہ شاہ محمود قریشی سے بچ کر رہنا، شاہ محمود قریشی نے ہی عمران خان کو پھنسایا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ توہین عدالت کے ساتھ آئین شکنی کر رہے ہیں، عمران خان اکثریت کھو چکے ہیں، عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو اپنا حق چھین لیں گے۔ عدالت کے حکم پر عمل کریں اور ووٹنگ کرائیں، عمران خان اکثریت کھوبیٹھے ہیں، 7 مارچ کو یہ کہانی ہوئی، 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع ہوئی، امریکا اور پاکستان کے ٹائم میں فرق ہے، کپتان بزدلانہ طریقے سے بھاگا، آج بھی موجود نہیں ہے، اتنے سارے جھوٹ ہیں، کتنے آپ کے سامنے لاؤں، وزیراعظم اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، اسپیکر صاحب آپ ان کے جرائم میں شامل ہیں، کپتان آج بھی ایوان میں موجود نہیں، اپنا دفاع نہیں کرسکتا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کپتان آج بھی ایوان میں موجود نہیں، اپنا دفاع نہیں کرسکتا، صاف شفاف انتخابات ہوئے تو عمران خان کو شکست ہوگی، اصل سازش یہ ہے کہ خان صاحب صاف اور شفاف الیکشن سے ڈرتے ہیں، عمران خان 100 کوششیں کریں، بھٹو نہیں بن سکتے، عمران خان ہزار کوششیں کریں سیاسی شہید نہیں بن سکتے، زیادہ تر یہ شکلیں لوٹے ہی رہے ہیں، جہاں بھی دیکھوں لوٹے ہی لوٹے ہیں۔