لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ ابھی پی ٹی آئی کا حصہ ہوں، کسی کوووٹ ڈالنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نے دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ لاجزمیں ماحول کوخراب کیا گیا، ممبران کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیے گئے، ممبران کو گھوڑے، خچروں کے الفاظ کہے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی پی ٹی آئی کا حصہ ہوں، کسی کوووٹ ڈالنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ تحریک انصاف کو تب جوائن کیا تھا جب کوئی ٹکٹ لینے کو تیارنہیں تھا، پارٹی میں کوئی سپیس نہیں دی گئی۔
راجہ ریاض
تحریک انصاف کے فیصل آباد سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ کہ کسی نے پيسہ نہيں ديا،ہم نے ووٹ ضمير کے تحت دينا ہے۔ ہمارے ايم اين ايز پر تشدد ہوا اور تھانے لے گئے، پوری قوم کو پتہ ہے پوليس سے لاجز پر حملہ کرايا گيا۔ پی ٹی آئی کے 24 ارکان سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں ہیں تو کیا وہ پاکستان سے باہر ہے۔ حکومت تو بڑے رابطے کر رہی ہے لیکن اب وقت گزر گیا۔ پرویز الہٰی کی معلومات درست نہیں ہیں اور بھی لوگ آئیں گے۔
نور عالم خان
رکن اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے 20 کروڑ والی بات پر افسوس ہوا، ميں 3برس سے کرپشن کيخلاف آواز اٹھا رہا ہوں، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کی بات کر رہا ہوں۔
باسط بخاری
ایم این اے باسط بخاری نے کہا کہ ميں نے وزارت نہيں مانگی، وزراء ہم پر تہمت لگارہے ہیں، میں آزاد الیکشن لڑا اور منتخب ہوا،ان سے وزارت بھی نہیں مانگی۔ اختلافات ماں باپ ميں بھی ہوتےہيں اس کا یہ مطلب نہيں کہ وزراءتہمت لگاديں۔
نواب شیر وسیر
رکن اسمبلی نواب شیر و سیر نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے فواد چودھری کو جپھی ڈال کر جائیں گے، ان سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے، وہ ہمارے برخوردار ہیں۔ یہ بڑھکیں ہیں، وہ ہمیں گدھے اور خچر کہیں تو بھلائی کی کیا توقع کریں، سیاست دان کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔ اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے نہیں لڑیں گے، آزاد لڑنا ہے یا کوئی اور فیصلہ اپنی مرضی سے کریں گے۔
ڈاکٹر رمیش کمار:
رکن قومی اسمبلی رمیش کمار بھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں ، انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 3 وفاقی وزرا پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں، غلط کاموں کی ہمیشہ نشاندہی کرتا رہتا تھا، پارلیمنٹ لاجزمیں میری بیوی کو پی ٹی آئی کے لوگوں نے فون کر کے مجھے گدھا کہا، یہ اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔
فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ایکشن کے ڈر سے لوٹے ظاہر ہونا شروع ہو گئے، پچھلے 5 لوگوں کو 15 سے 20 کروڑ ملے، خچروں اور گھوڑوں کی منڈیاں لگ گئیں، باضمیر ہوتے تو استعفیٰ دیتے سپیکر کو ان ضمیر فروشوں کو تاعمر نا ابل قرار دینے کی کاروائی کرنی چاہئے۔