عثمان بزدار کا پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے بیان حقائق سے منافی قرار

Published On 11 March,2022 11:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے بیان حقائق سے منافی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو نازیبا ریمارکس پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے پہلے اپنا گھر دیکھیں، نامعقول بیان اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے، بے سروپا ریمارکس ناقابل برداشت ہیں، سیاست میں شائستگی، تہذیب اور احترام کے اصولوں کے قائل ہیں، پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے بیان حقائق سے منافی اور غلط بیانی پر مبنی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے، پنجاب میں سو فیصد تقرر و تبادلے میرٹ پر ہوتے ہیں، یہ من گھڑت ریمارکس جمہوری، سماجی، تہذیبی اور اخلاقی روایات کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، اخلاقیات سے عاری زبان استعمال کر کے ذہنی پسماندگی کا مظاہرہ کیا۔