علیم خان کے اسلام آباد میں ڈیرے، جلد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا امکان

Published On 08 March,2022 11:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب کے سابق سینئر وزیر علیم خان کے بھی اسلام آباد میں ڈیرے، علیم خان کی جلد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹاسک ملنے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ناراض ارکان 24 گھنٹے میں ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہونگے، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور سابق صوبائی وزیر علیم خان وزیراعظم عمران خان کیخلاف نہیں جائینگے، پہلے علیم خان سے ملاقات کروںگا بعد میں جہانگیر سے بات ہو گی۔


گورنر سندھ نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کا حصہ بن کر علیم خان کے پاس آنے پر انتہائی افسوس ہے، وہ میرے ساتھی اور بھائی ہیں، خوشی ہے کہ علیم خان آج بھی عمران خان کا ساتھی اور سپاہی ہے۔ علیم خان اور جہانگیر ترین نے جتنی محنت اور جدوجہد اس پارٹی کو اقتدار میں لانے اور عمران خان کے پروگرام پر عمل کرنے کیلئے کی تھی وہ آج بھی اس پر عمل پیرا ہیں، جہانگیر ترین کے گروپ کے پنجاب کی حد تک پی ٹی آئی حکومت سے اپنے تحفظات ہیں، جس کا اظہار علیم خان نے آج کی میٹنگ میں کیا۔