شہباز شریف کی جہانگیر ترین سے خفیہ ملاقات، عدم اعتماد پر تعاون مانگ لیا

Published On 19 February,2022 12:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے جہانگیر ترین سے خفیہ ملاقات کی، جس میں قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر تعاون مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور جہانگیر خان ترین کے درمیان ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی۔ قائد حزب اختلاف ‏شہباز شریف نے جہانگیر ترین کو عدم اعتماد کے بعد آئندہ بھی ساتھ چلنے کی پیشکش کی۔ ملاقات کے حوالے سے ترین گروپ نے تصدیق سے انکار کر دیا۔

 دوسری جانب فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، وہ پارٹی کیساتھ ہیں، جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی آواز کو عالمی سطح پر پذیرائی ملتی ہے، سیاسی مخالفین کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی، عمران خان کے لیول کا کوئی شخص پاکستان میں نہیں، بلاول، مریم نواز، فضل الرحمان، شہبازشریف سیاسی بونے ہیں، مریم نواز مثبت سوچ رکھتی ہیں تو اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں، شریف خاندان کا پیسہ اگر پاکستان آ جائے تو معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے۔