راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کیلئے محفوظ ماحول کی فراہمی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور منصوبوں پر پیشرفت اور بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نونگ رونگ نے کہا کہ علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔