راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قازقستان کے سفیر نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران باہمی مفاد کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ قازقستان میں جلد امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوگی، افغانستان سے متعلق سنجیدہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان امن کیلئے عالمی شراکت داروں سے تعاون کیلئے پرعزم ہے۔